پشاور: موسم کی تبدیلی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ضلع کوہاٹ کو ڈینگی کیسز کے لحاظ سے ہائی رسک قرار دے دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کوہاٹ میں رواں سال ڈینگی کیسز کی تعداد ایک ہزار 231 ہوگئی ہے، جبکہ صرف ستمبر کے دوران 793 کیسز رپورٹ ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں رواں سال اب تک ڈینگی کے مجموعی طور پر 2 ہزار 39 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ صوبے میں ڈینگی کے ایکٹو کیسز کی تعداد 83 ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ 3 ہزار روپے سستا
رپورٹ کے مطابق ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے سب سے زیادہ ایک ہزار 190 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ستمبر میں پشاور میں 301، خیبر میں 101، بنوں میں 103 اور ہری پور میں 57 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے باعث ان اضلاع کو بھی ہائی رسک قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں رواں سال ڈینگی کے باعث تاحال کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔





