دہلی : بھارت میں انتخابی فہرستوں میں مبینہ ہیرا پھیری کے الزامات کے معاملے پر سیاسی و عوامی احتجاج شدت اختیار کر گیا، کاکروچ جنتا پارٹی نے آج سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
بھارتی شہر ممبئی میں الیکشن کمیشن کے خلاف ہونے والے احتجاج میں معروف اداکارہ شبانہ اعظمی، اداکار نصیرالدین شاہ، گلوکار و موسیقار وشال دادلانی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔ احتجاج کا اہتمام کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی جانب سے کیا گیا، جس میں انتخابی فہرستوں میں مبینہ ردوبدل کے الزامات پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
پولیس کی جانب سے احتجاج کی اجازت نہ ملنے کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ شیواجی پارک پہنچ گئے۔ سی جے پی کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے اعلان کے بعد جنتر منتر پر پولیس اور نیم فوجی دستے بھی تعینات کر دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر انتخابی فہرستوں سے 13 کروڑ ووٹرز کے نام حذف کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھجیت دِپکے کے مطابق اگر گیانیش کمار مستعفی نہیں ہوتے تو احتجاج کا دائرہ ممبئی سے بڑھا کر ملک کے مختلف شہروں تک پھیلایا جائے گا۔
دوسری جانب بھارتی ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے پریس کانفرنس میں خدشہ ظاہر کیا کہ انتخابی فہرستوں سے مزید 50 لاکھ ووٹرز کو خارج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔





