پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات میں ریاست کے ساتھ مکمل تعاون پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جبکہ وفاق کی پالیسیوں کے ساتھ مل کر چلنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور ان سے ملاقاتوں سے متعلق تمام معاملات آئندہ کسی سیاسی دباؤ کے بجائے آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے نہ ابھی اور نہ آئندہ لانگ مارچ یا کسی بھی قسم کا احتجاجی، تصادمی یا انتشار پر مبنی طریقہ اختیار کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ اسلام آباد کی جانب کسی دھاوے یا مارچ سے بھی گریز کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشتگردی سے نمٹنے اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے ریاست کو درکار تمام انتظامی و عملی ضروریات پوری کرنے میں تعاون کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے موجودہ صورتحال میں ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون اور وفاق کے ساتھ مل کر چلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس کے بعد سیاسی محاذ آرائی کے بجائے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے معاملات آگے بڑھانے کا امکان ہے۔





