پرانے سمارٹ فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے بری خبر

پرانا اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین ہوجائیں ہوشیارکیونکہ جلد آپ اپنے فون پر واٹس ایپ کا استعمال نہیں کر سکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹاانفوکی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا جلد ایک نئی اپ ڈیٹ متعارف کروانے جا رہی ہے جس کے تحت پرانے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے فونز میں واٹس ایپ لاگ ان کو مکمل طور پر بلاک کر دیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز استعمال کرنے والے صارفین کو سکرین پر ایک سخت وارننگ جاری کی جائے گی۔ یہ وارننگ ایپ کے پرانے ورژن کی بجائے فون کے آپریٹنگ سسٹم کے غیر فعال ہونے سے متعلق ہوگی۔

اگر صارف اپنے فون کا آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ نہیں کرے گا تو اس کے لیے واٹس ایپ تک رسائی اور لاگ ان کرنا ناممکن ہو جائے گا۔

اس سے قبل سپورٹ ختم ہونے کے باوجود بھی صارف میسجز بھیج سکتے تھے، لیکن اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد ایپ مکمل طور پر کام کرنا بند کر دے گی۔

واٹس ایپ نے حال ہی میں اینڈرائیڈ 5.0 اور 5.1 کے لیے سپورٹ ختم کر کے اینڈرائیڈ 6 کو لازمی قرار دیا ہے جبکہ نومبر 2026 سے آئی فونز میں واٹس ایپ چلانے کے لیے آئی او ایس 15.5 کی ضرورت ہوگی۔

اگر آپ کا اسمارٹ فون نیا آپریٹنگ سسٹم سپورٹ نہیں کرتا، تو واٹس ایپ استعمال جاری رکھنے کے لیے آپ کو ایک نئے فون کی ضرورت پیش آئے گی۔

Scroll to Top