9 مئی کیس میں تیمور جھگڑا سمیت 4 رہنماؤں نے ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں

کامران علی شاہ 
پشاور: 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چار رہنماؤں نے انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت پشاور سے اپنی عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں۔

 کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت پشاور کے جج ولی محمد خان نے کی، جہاں پی ٹی آئی رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، عامر چمکنی اور عرفان سلیم کی جانب سے دائر عبوری ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی ہوئی۔

 سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی ریڈیو پاکستان کیس میں چاروں رہنماؤں کو مستقل طور پر نامزد نہیں کیا گیا۔

 وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزاروں کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری نہیں ہوئے، جبکہ پولیس کی جانب سے عدالت میں ایسا چالان بھی پیش نہیں کیا گیا جس میں ان چاروں رہنماؤں کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہو۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایم ایس امتحان، امیدواروں کیلئے بڑا ریلیف؛ عمر 32 سال اور 4 چانسز مقرر

 وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر چاروں رہنماؤں کی جانب سے دائر عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی اجازت دی جائے۔

 عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، عامر چمکنی اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی اجازت دے دی۔

 واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو نقصان پہنچانے کے واقعے سے متعلق مقدمہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

Scroll to Top