پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ویمن ونگ ایبٹ آباد کی صدر نور العین خالق نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سوشل میڈیا اور سیاسی احتجاج پر مرکوز ہو چکی ہے۔
اپنے جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت کا کام محض ٹک ٹاک بنانا ہی ہے تو عوام کو واضح کیا جائے کہ سڑکوں کی مرمت، ہسپتالوں کی بہتری، تعلیم، صحت کی سہولیات اور بے روزگاری و مہنگائی کے خاتمے کا ذمہ دار کون ہے۔
نور العین خالق نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 13 سال سے قائم حکومت عوام کی تکلیفوں کا ازالہ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے صوبائی حکومت سے ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق اور متعلقہ حکام کو خیبرپختونخوا کے عوام کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے خطے میں ترقی، عوامی بہبود اور امن و امان کی قیام کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔





