خیبرپختونخوا میں ڈپٹی وزیراعلیٰ کی تقرری سے متعلق آئینی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے صوبائی حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے تمام فریقین کو 14 روز کے اندر تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبے کے انتظامی امور کی مؤثر انجام دہی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت کی مسلسل توجہ ضروری ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سیاسی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں، لہٰذا صوبے کے روزمرہ انتظامی معاملات اور عوامی امور کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے ایک مؤثر متبادل انتظام ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی درخواست خارج کردی
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی ہے کہ حکومتی اختیارات اور ذمہ داریوں کی مؤثر انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے آئین کے مطابق ڈپٹی وزیراعلیٰ مقرر کیا جائے۔
پشاور ہائیکورٹ نے درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ کارروائی کے لیے معاملے کو زیرِ غور رکھا ہے۔





