ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کے 7 رکنی اسکواڈ کا اعلان، عباس آفریدی کپتان مقرر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہانگ کانگ سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے محمد عباس آفریدی کی قیادت میں 7 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ گرین شرٹس ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مقابلہ 30 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق تین روزہ ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک ہانگ کانگ کے ٹن کوانگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔

قومی ٹیم 28 اکتوبر کو ہانگ کانگ کے لیے روانہ ہوگی، جہاں پاکستان سمیت 12 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔

یہ بھی پڑھیں : علیمہ خانم کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر، نئی تاریخ مقرر

اعلان کردہ اسکواڈ میں محمد عباس آفریدی کو کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبدالصمد، احمد دانیال، محمد عرفان خان، خواجہ نافع، محمد شہزاد اور سعد مسعود شامل ہیں۔ ٹیم منیجر کی ذمہ داریاں رضا کچلو انجام دیں گے۔

پاکستان گزشتہ ایڈیشن کا چیمپئن ہے۔ 2025 کے فائنل میں گرین شرٹس نے کویت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

 قومی ٹیم رواں سال بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعزاز برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔

ٹورنامنٹ میں شریک 12 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں ہر گروپ میں تین ٹیمیں شامل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ: درہ آدم خیل کی کوئلے کی کان میں حادثہ، شانگلہ کے دو مزدور جاں بحق

گروپ اے: آسٹریلیا، انگلینڈ اور ہانگ کانگ

گروپ بی: بنگلا دیش، اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا

گروپ سی: پاکستان، بھارت اور متحدہ عرب امارات

گروپ ڈی: افغانستان، عمان اور جنوبی افریقا

ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان مقابلہ 30 اکتوبر کو ہوگا۔

اس میچ کو ایونٹ کے اہم مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔

قومی اسکواڈ کی تشکیل اور ٹائٹل کے دفاع کے پیش نظر پاکستانی شائقین کی نظریں ٹیم کی کارکردگی پر مرکوز ہوں گی۔

Scroll to Top