رضوان بلوچ
خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈائریکٹر جنرل الیکشن (الیکشنز )شمشاد اختر جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے سینئر افسر شمشاد اختر اپنے بھائی کی فاتحہ خوانی میں شرکت کے لیے ٹانک آئے ہوئے تھے۔
وہ فاتحہ خوانی کی جگہ سے جیسے ہی باہر نکلے تو پہلے سے گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے تمام ممکنہ فرار کے راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
شمشاد اختر محسود الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک سینئر اور تجربہ کار افسر تھے۔ رواں سال جنوری میں ان کی گریڈ 21 میں ترقی ہوئی تھی جس کے بعد وہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں بطور ڈائریکٹر جنرل (الیکشنز) اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ممکنہ ایمرجنسی کے بعد ضم شدہ اضلاع میں بڑے آپریشنز کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد قرار
اس سے قبل وہ ایڈیشنل ڈی جی (الیکشنز) اور صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے تھے۔





