پشاورسکول حادثہ، فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم، آج ہی رپورٹ طلب

پشاور: پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے المناک حادثے کے بعد محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے واقعے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے ایک فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔

 جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی دیر کالونی میں کلاس روم کی چھت گرنے کی وجوہات کسی بھی قسم کی انتظامی غفلت، تعمیراتی نقائص اور دیگر اسباب کا گہرائی سے جائزہ لے گی۔

اس اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی کے چیئرمین کے پی پی ایس آر اے (KP-PSRA) کے مینیجنگ ڈائریکٹر جاوید اقبال ہوں گے، جبکہ پرائمری ایجوکیشن کے ڈپٹی سیکریٹری محمد فاروق کو کمیٹی کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کمیٹی ایک اور رکن کو بھی شامل کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ کمیٹی کو حادثے کی مکمل چھان بین کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹروں کے ساتھ فرنٹ لائن پر موجود، مشیرِ صحت نگار جوہر زخمی بچوں کے درمیان خود موجود، علاج اور طبی سہولیات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی

سیکریٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انکوائری کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تمام تر حقائق اور تحقیقات پر مبنی رپورٹ آج ہی پیش کرے۔

یاد رہے کہ صبح 9 بجے پشاور کے علاقے دیر کالونی، کالج روڈ (اسپین جماعت) کے قریب تھانہ یکہ توت کی حدود میں واقع تین منزلہ نجی اسکول کی خستہ حال عمارت کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی۔

 جس کے نتیجے میں 33 معصوم بچے اور خاتون ٹیچر شہید جبکہ 51 سے زائد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

Scroll to Top