پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی تعلیمی ادارے الخیر سکول سسٹم کی چھت گرنے کے دل خراش سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں میں سے 16 طلبہ کی اجتماعی نمازجنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
اس المناک موقع پر گورنر خیبر پختونخوا، سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد تمام میتیں آبائی قبرستانوں کی جانب روانہ کر دی گئیں جہاں انہیں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ ہولناک واقعہ آج پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کالج روڈ پر پیش آیا تھا جہاں نجی سکول کی غیر معیاری عمارت کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی تھی۔
حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
ہسپتال اور ریسکیو ذرائع کے مطابق اس دل خراش واقعے میں ایک خاتون ٹیچر سمیت 35 بچے جاں بحق جبکہ 53 بچے زخمی ہوئے ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 33 لاشیں اور 20 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال جبکہ 2 لاشیں اور 33 زخمیوں کو نصیر اللہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا میں 16 ارب روپے سے زائد کے مالی سیکنڈل اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم کا کہنا ہے کہ بیشتر زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے تاہم سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث تین زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے جن کا علاج جاری ہے۔
تمام جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔





