پشاور، چیک پوسٹ پر حملہ، شہید پولیس اہلکار محمد جلال کی نمازِ جنازہ ادا، گورنر فیصل کریم کنڈی کی شرکت

پشاورکے تھانہ حسن خیل کے علاقہ سپینہ میلہ میں پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران بہادری کی تاریخ رقم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار محمد جلال کی نمازِ جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج، پاک آرمی اور سی ٹی ڈی کے اعلیٰ حکام، سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد، کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود، کثیر تعداد میں پولیس افسران، جوانوں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا، چیف سیکرٹری، پولیس اور پاک آرمی کے اعلیٰ حکام نے شہید کی میت پر پھول چڑھائے اور انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا اور آئی جی پولیس نے اس موقع پر شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں پولیس نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، حملہ آور فرار

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہداء کی یہ عظیم قربانیاں محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

Scroll to Top