گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا پولیس کے شہداء اور اہلکاروں کے معاوضوں میں اضافے کا اعلان

 گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی پولیس کے شہداء، زخمی اہلکاروں اور افسران کے معاوضوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ کے لیے مالی معاونت کی نئی پالیسی متعارف کرانے کا بتایا ہے۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق کانسٹیبل سے انسپکٹر تک شہداء کا معاوضہ ایک کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کا معاوضہ ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ پولیس افسران کے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی کا معاوضہ ایک کروڑ 7 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایس پی، ایس ایس پی اور گریڈ 18 کے افسران کا معاوضہ بڑھا کر 2 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈی آئی جی، ایڈیشنل آئی جی، آئی جی پی اور گریڈ 20 یا اس سے اوپر کے سینئر افسران کے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جن کا معاوضہ 2 کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق دورانِ ڈیوٹی مستقل معذوری کا شکار ہونے والے پولیس اہلکاروں کا معاوضہ 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ دورانِ ڈیوٹی شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کا پیکیج بھی ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ شہداء کے اہلخانہ کو پلاٹ دینے کے بجائے اپنی ضرورت کے مطابق گھر خریدنے کے لیے نقد مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت اے ایس آئی، ایس آئی اور انسپکٹر رینک کے شہداء کے اہلخانہ کو پلاٹ کے بجائے ڈھائی کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کا مقصد پولیس شہداء کے اہلخانہ کی مشکلات کم کرنا اور دورانِ ڈیوٹی جان کی بازی ہارنے یا زخمی ہونے والے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو بہتر مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

 

Scroll to Top