بیرون ملک جانے والوں کے لیے بری خبر، پاسپورٹ کا نیا قانون لاگو ہو گیا

حکومت پاکستان نے پاسپورٹ کے اجرا کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی لاتے ہوئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی فراہمی کا سلسلہ ختم کر دیا ہے اور اب تمام شہریوں کے لیے ای پاسپورٹ بنوانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

 اس نئی پالیسی کے نتیجے میں شہریوں کو اب پاسپورٹ کے حصول کے لیے پہلے سے دوگنا فیس ادا کرنا ہو گی۔

محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق جمعے کے روز سے ملک بھر میں کر دیا گیا ہے۔

نئے قواعد و ضوابط کے تحت نارمل، ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک تمام کیٹیگریز کی فیسوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فیسوں کی تفصیلات کے مطابق 36 صفحات کے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی نارمل فیس جو پہلے 4,500 روپے تھی، اب ای پاسپورٹ کے لیے بڑھا کر 9,000 روپے کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ارجنٹ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی فیس 7,500 روپے سے بڑھا کر 15,000 روپے طے کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی سیریز کے لیے انگلینڈ بھی پاکستان پہنچ گیا

فاسٹ ٹریک کیٹیگری کے تحت پہلے 12,500 روپے وصول کیے جاتے تھے، تاہم اب اسی کیٹیگری میں ای پاسپورٹ کے لیے شہریوں کو 22,000 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام فیسیں 5 سالہ مدت اور 36 صفحات والے پاسپورٹ کے لیے لاگو ہیں، جبکہ 72 صفحات پر مشتمل ای پاسپورٹ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کو متعلقہ کیٹیگری کے مطابق الگ سے مقررہ فیس ادا کرنا ہو گی۔

پاسپورٹ کے نظام میں اس بڑی تبدیلی اور فیسوں میں غیر معمولی اضافے سے بیرون ملک سفر کے لیے دستاویزات بنوانا مزید گرانی کا شکار ہو گیا ہے۔

Scroll to Top