ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے معروف سیاسی و روحانی شخصیت اور سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید جمال سید میاں طویل علالت کے بعد اسلام آباد میں انتقال کر گئے ہیں۔
ان کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے شکردرہ لایا گیا جہاں انہیں ان کے والد سید میر سید میاں کے پہلو میں آخری آرام گاہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
نمازِ جنازہ اور تدفین کے مواقع پر سول اور عسکری افسران، علاقائی شخصیات اور ان کے مریدوں کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے نم آنکھوں کے ساتھ اپنے رہنما کو الوداع کیا۔
مرحوم کا شمار پاک فوج کے نہایت سینئر اور اعلیٰ عہدے داروں میں ہوتا تھا اور وہ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر خدمات انجام دے چکے تھے۔
فوجی خدمات کے علاوہ وہ دو مرتبہ وفاقی وزیر کی حیثیت سے بھی قومی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے مزید دو زیر حراست اراکین قومی اسمبلی پارلیمنٹ ہاؤس منتقل
ان کا تعلق ضلع کرم کے بااثر اور مشہور میاں خاندان سے تھا اور ان کی عمر سو سال سے زائد تھی جبکہ کرم کے ساتھ ساتھ ہنگو اور اورکزئی میں بھی ان کے ہزاروں عقیدت مند موجود ہیں۔ان کے انتقال پر علاقے کے عوام اور مختلف مکاتب فکر نے گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔





