سابق حکومت کے بوئے ہوئے نفرت کے بیج ختم کرنے کا عزم: مشیر مذہبی امور کا اعلان، ”علماء کو نظر انداز کرنے کا پی ٹی آئی دور اب ختم ہو چکا

خیبرپختونخوا میں سابق پی ٹی آئی حکومت کے طویل دورِ اقتدار میں پروان چڑھنے والی انتہاپسندی، معاشرتی تقسیم اور علماء و مدارس کی عدم توجہی کے خاتمے کے لیے گورنر راج انتظامیہ نے جاندار پیش رفت شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں مشیر برائے اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی نے پشاور کی تاریخی مسجد مہابت خان میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبے میں امن، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اہم اعلانات کیے۔

مولانا طیب قریشی نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے جبکہ سابقہ حکمرانوں نے اپنی غلط پالیسیوں کے ذریعے جس تشدد اور انتہاپسندی کو ہوا دی، اسلام میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں معاشرتی اقدار کو شدید نقصان پہنچایا گیا، لیکن اب گورنر راج کے تحت خیبرپختونخوا کو بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کا مثالی صوبہ بنایا جا رہا ہے۔

مشیر مذہبی امور نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے خطبات اور تعلیمات کے ذریعے عوام کو متحد کریں تاکہ سابقہ دور کے بوئے ہوئے نفرت کے بیجوں کو اکھاڑ پھینکا جائے۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پی ٹی آئی کے انداز کی غیر مصدقہ خبروں، افواہوں اور سنسنی خیزی کو پھیلانے سے مکمل گریز کریں اور معاشرے میں امن و استحکام قائم کرنے کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔

مولانا طیب قریشی نے پی ٹی آئی کے دورِ حکومت کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں دینی مدارس اور علماء کرام کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا اور انہیں شدید مشکلات میں رکھا گیا، اب گورنر راج کی شفاف پالیسی کے تحت علماء اور مدارس کی ترقی، اصلاح اور ان کے درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کیونکہ دینی مدارس ہی اخلاقی تربیت اور معاشرتی اصلاح کی بنیاد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا سیاسی انتشار اور تباہی کا دور ختم: گورنر فیصل کریم کنڈی اور آفتاب شیرپاؤ کی ملاقات، بدامنی کے خاتمے اور سیاسی اتحاد پر بڑا اتفاق!

آخر میں انہوں نے دیر کالونی کے اسکول کے افسوسناک واقعے کے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک کے پائیدار امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس سے قبل تاجر برادری نے مشیرِ مذہبی امور کا پُرتپاک استقبال کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، جس پر مولانا طیب قریشی نے یقین دلایا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دفاتر کے دروازے ہر خاص و عام کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

Scroll to Top