میانوالی میں غیرت کے نام پر سفاکیت کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں محض بغیر حجاب کے گھر سے نکلنے پر13 سالہ معصوم لڑکی کو اس کے اپنے چچا زاد بھائی نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس میں درج ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے والد نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اپنی 13 سالہ بیٹی کے ساتھ گھر کے لیے سودا سلف خریدنے بازار جا رہے تھے کہ راستے میں ملزم جواد نے انہیں روک لیا۔
ملزم نے لڑکی کو بغیر حجاب گھر سے باہر نکلنے پر شدید دھمکیاں دیں اور طیش میں آ کر پستول سے یکے بعد دیگرے 7 فائر کر دیے، جس کے نتیجے میں معصوم لڑکی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
مقتولہ کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم جواد اس سے قبل بھی ان کی بیٹی کو بغیر حجاب کے گھر سے باہر نکلنے سے منع کرتا تھا اور مسلسل دباؤ ڈال رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی اسکول میں خون کی ہولی: سولہ سالہ مسلح لڑکے کی فائرنگ سے تین معصوم بچوں اور ایک استاد سمیت چار افراد ہلاک!
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔ واقعے کے بعد سفاک ملزم موقع سے فرار ہو گیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی چھاپے مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں غیرت کے نام پر قتل کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔





