کوالالمپور : پاکستان کی ابھرتی ہوئی جونیئر اسکواش سٹار ماہ نور علی نے ملائیشیا جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں شاندار اور جارحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
کوالالمپور کے نیشنل اسکواش سینٹر میں کھیلے گئے حساس کوارٹر فائنل مقابلے میں پشاور سے تعلق رکھنے والی ’علی سسٹرز‘ کی بہن ماہ نور علی نے بھارت کی پانچویں سیڈڈ کھلاڑی دیویانشی جین کو یکطرفہ مقابلے میں اسٹریٹ گیمز سے شکست دے کر باہر کر دیا۔
ماہ نور علی نے میچ کے آغاز ہی سے بہترین ٹیکنیک اور رفتار کے ذریعے بھارتی حریف پر مکمل تسلط قائم رکھا اور انہیں پورے میچ کے دوران سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
یہ بھی پڑھیں : عزم و ہمت کی شاندار داستان، کاکول اکیڈمی سے 154 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد، کیڈٹس کا دفاعِ وطن کا عزم
پاکستانی ڈرافٹر نے مسلسل تینوں گیمز اپنے نام کیے، پہلا گیم11-7، دوسرا گیم 11-6، تیسرا گیم 11-6.
کوارٹر فائنل میں 0-3 کی شاندار کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے بعد ماہ نور علی کی نظریں اب فائنل میں رسائی اور ملک کے لیے ٹائٹل جیتنے پر مرکوز ہیں۔
ماہ نور کی اس زبردست پیش قدمی کو پاکستان جونیئر اسکواش کی بحالی اور روشن مستقبل کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔





