اگر پاسپورٹ بنوانا ہے تو انتظار کریں، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی چھٹی، بڑا سرپرائز سامنے آ گیا

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ملک میں روایتی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجرا مکمل طور پر بند کر کے تمام شہریوں کے لیے الیکٹرانک پاسپورٹ (ای پاسپورٹ) متعارف کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جس پر اگلے ایک ماہ کے اندر عمل درآمد متوقع ہے۔

 اس اہم پیش رفت کی تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر اور بیرون ملک قائم پاکستانی سفارت خانوں میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجرا روک دیا جائے گا اور اس کی جگہ صرف جدید ای پاسپورٹ ہی جاری کیے جائیں گے۔

 تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے پاس پہلے سے موجود مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی مدتِ معیاد (ایکسپائری ڈیٹ) ختم ہونے تک مکمل طور پر قابلِ استعمال رہیں گے۔

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر امیگریشن اور سفری نظام میں ہونے والی جدید تکنیکی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے ای پاسپورٹ کا نظام قائم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملائیشیا جونیئر اوپن اسکواش ، ماہ نور علی کی شاندار پیش قدمی، بھارتی حریف کو ہرا کر سیمی فائنل میں داخل

 انہوں نے ایوان کو بتایا کہ نئے ای پاسپورٹ میں ایک خاص الیکٹرانک چِپ نصب ہوگی جو مسافر کی حقیقی شناخت اور سفری معلومات کی فوری تصدیق میں مدد دے گی، جس سے جعل سازی اور جعلی دستاویزات کے استعمال کو مکمل طور پر روکنے میں بڑی مدد ملے گی۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی اور پاسپورٹ دفاتر کو درپیش انتظامی اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے اس منصوبے میں کچھ تاخیر ضرور ہوئی ہے، تاہم حکومت اگلے ایک ماہ کے اندر اس جدید نظام کا باقاعدہ آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

قومی اسمبلی میں اس بات پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ عالمی سفری تقاضوں اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی جدید سیکیورٹی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے پاسپورٹ نظام کو بااعتماد اور اپ ڈیٹ بنانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

Scroll to Top