کوہاٹ : سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری مسلسل کارروائیوں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں کالعدم حافظ گل بہادر گروپ سے وابستہ انتہائی مطلوب کمانڈر مفتی ابوذر بنگش لکی مروت کے علاقے میں مارا گیا۔
دہشت گرد تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان(صدائے حق میڈیا) نے اپنے ایک باضابطہ بیان میں کمانڈر ابوذر بنگش کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
ہلاک ہونے والا دہشت گرد مفتی ابوذر بنگش کوہاٹ پولیس لائنز پر ہونے والے ہولناک بم دھماکے اور حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ تھا، جس کی گرفتاری یا ہلاکت کے لیے سیکورٹی ادارے کافی عرصے سے متحرک تھے۔
دہشت گردوں کی جانب سے جاری کردہ ترجمے و بیان کے مطابق ابوذر بنگش لکی مروت میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ آمنے سامنے کی جھڑپ اور فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کو معدنیات کا اتنا درد ہے تو بتائیں ڈی آئی خان اور بنوں میں کون سے پہاڑ ہیں؟ فیصل کریم کنڈی
کالعدم تنظیم نے ابوذر بنگش کی ہلاکت کے بعد اپنے اندرونی شیرازے کو بکھرنے سے بچانے کے لیے فوری طور پر نیا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق گروہ نے باہمی اتفاقِ رائے سے کمانڈر عباس عرف یوسف کو ہلاک ہونے والے مفتی ابوذر بنگش کا جانشین اور نیا کمانڈر نامزد کیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع بالخصوص لکی مروت، بنوں اور وادیِ تیراہ میں سیکورٹی فورسز کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کے باعث دہشت گرد تنظیمی ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اہم کمانڈروں کی ہلاکت کو گل بہادر گروپ اور اس کے نیٹ ورک کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔





