پشاور : خیبر پختونخوا میں آٹے کی مسلسل بلند قیمتوں سے پریشان حال عوام کے لیے معمولی ریلیف سامنے آیا ہے۔
پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پشاور اور بنوں میں آٹے کے 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 4 سو روپے سے کم ہو کر 3 ہزار 3 سو روپے پر آ گئی ہے۔
اسی طرح ضلع بنوں میں بھی 20 کلو آٹے کے تھیلے میں 100 روپے کی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے بعد بنوں میں آٹے کا 20 کلوگرام تھیلا 3 ہزار 3 سو روپے کے بجائے 3 ہزار 2 سو روپے میں دستیاب ہے۔
اگرچہ دونوں شہروں میں آٹے کے نرخوں میں یکساں کمی دیکھی گئی ہے، تاہم بنوں کے مقابلے میں پشاور میں آٹا اب بھی مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عدالت نے تحریک انتشار باڑہ کے 20 کارکنان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
سرکاری ادارے کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کا موازنہ فراہم نہیں کیا گیا، تاہم دیگر اضلاع میں بھی نرخوں کے اثرات مختلف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں آٹے اور گندم کی قیمتیں دیگر صوبوں سے گندم کی در آمد پر انحصار، نقل و حمل (ٹرانسپورٹیشن) کے بھاری اخراجات، منڈی میں بڑھتی طلب اور گندم کی فراہمی میں عدم استحکام کی وجہ سے اکثر بلند رہتی ہیں۔
اس کے علاوہ سرکاری سطح پر گندم کا بروقت اجراء نہ ہونا، منڈیوں کی نامناسب نگرانی، ذخیرہ اندوزی، گوداموں کے اخراجات اور مڈل مین کا کردار بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور عوام کی جیب پر اضافی بوجھ کا سبب بنتا ہے۔





