زیارت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک، ایم 4 رائفل سمیت اہم سامان برآمد

زیارت: زیارت کے جنوبی علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ 

کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، مواصلاتی آلات، سمز اور مختلف شناختی دستاویزات برآمد کی گئیں۔

آپریشنل تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سیکٹر کے انٹیلی جنس اہلکاروں نے شبان کے علاقے اور این-50 شاہراہ کے درمیان سرگرم خوارج کی نقل و حرکت اور رسد کے نظام کا سراغ لگایا۔

مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر زیارت کے جنوب میں ہدفی کارروائی کی منصوبہ بندی کی گئی، جبکہ دوپہر تک علاقے میں ناکہ بندی کی پوزیشنیں قائم کرلی گئی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق شام 5 بجے سیکیورٹی ٹیموں نے موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ دہشت گردوں کو روکا، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہوگیا۔

 ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور مواصلاتی آلات برآمد

آپریشن کے بعد ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک ایم 4 رائفل بمعہ دوربین، 182 گولیاں اور ایک دستی بم برآمد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : قلات میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بی ایل اے کے 4 دہشت گرد ہلاک

 اس کے علاوہ دو موٹرولا ریڈیو سیٹس، دو اسمارٹ فونز، آٹھ پاکستانی اور پانچ افغان سم کارڈز سمیت دو میموری کارڈز بھی تحویل میں لیے گئے۔

 مختلف شناختی کارڈز اور دستاویزات بھی برآمد

برآمد ہونے والی دستاویزات میں عبدالرحمان ولد محمد داؤد، سکنہ کچلاک کے نام سے ایک پاکستانی قومی شناختی کارڈ، امارتِ اسلامیہ افغانستان کا ایک شناختی کارڈ، دارالعلوم قندھار کا ایک شناختی کارڈ اور حکومتِ بلوچستان کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا ایک کارڈ شامل ہے۔

اس کے علاوہ ایک ٹیکٹیکل پاؤچ بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کی فراہم کردہ آپریشنل تفصیلات کے مطابق کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جبکہ فرار ہونے والے دوسرے مشتبہ شخص سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

Scroll to Top