کامران علی شاہ
گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد خیبر پختونخوا کے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ محکمے کے انتظامی اختیارات میں بھی ردوبدل زیر غور ہے،پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو محکمہ داخلہ سے محکمہ قانون کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹر جنرل پراسیکیوشن سمیت تمام پبلک پراسیکیوٹرز کے تبادلوں کا اختیار ایڈووکیٹ جنرل کو دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مجوزہ انتظامی تبدیلی کے تحت صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز اور سینئر پبلک پراسیکیوٹرز کے تبادلوں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر نئی تقرریاں اور تبادلے بھی متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز اور سینئر پبلک پراسیکیوٹرز کے تبادلے محکمہ داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل پراسیکیوشن کے ذریعے کیے جاتے تھے تاہم مجوزہ تبدیلیوں کے بعد اختیارات کی نئی تقسیم عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ان تبدیلیوں سے متعلق محکمہ قانون کی جانب سے جلد نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔





