انگلینڈ کے خلاف شاندار پرفارمنس: عرفات منہاس کی آئی سی سی رینکنگ میں لمبی چھلانگ!

پاکستان کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر عرفات منہاس نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔

 راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے اہم میچ میں عرفات منہاس نے آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 58 گیندوں پر 59 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور بعد ازاں محض 40 رنز کے عوض 6 انگلش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا کر پاکستان کی 87 رنز سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس شاندار اور میچ وننگ پرفارمنس کے نتیجے میں عرفات منہاس آئی سی سی ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں 89 درجے کی زبردست ترقی کے بعد 68ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 108 ہو گئی ہے۔ یہ اس کیٹیگری میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی جانب سے کی جانے والی سب سے بڑی پیش رفت ہے۔ 

علاوہ ازیں، بولنگ کیٹیگری میں بھی انہوں نے 33 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 411 پوائنٹس کے ساتھ 83ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔

آئی سی سی کی جاری کردہ دیگر رینکنگز کے مطابق، ون ڈے بولنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد 662 پوائنٹس کے ساتھ عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ قومی ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی 8ویں، حارث رؤف 20ویں اور نسیم شاہ 45ویں نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر انسپکشن ٹیم نے اضاخیل گودام کی زہریلی گندم کا بھانڈا پھوڑ دیا

 آل راؤنڈرز میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ پاکستان کے سلمان علی آغا 14ویں اور شاہین آفریدی 17ویں نمبر پر ہیں۔ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل کا پہلا نمبر ہے جبکہ  بابر اعظم 7ویں اور سلمان علی آغا 12ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

Scroll to Top