سابقہ فاٹا کے 33 ادارے اور ڈائریکٹوریٹس ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کےسپرد،نوٹیفیکیشن جاری

پشاور(محمد اعجاز آفریدی)خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت کے احکامات اور آئینی دفعات کی روشنی میں سابقہ فاٹا کے مخصوص اضلاع کے تمام ڈائریکٹوریٹس اور اہم اداروں کا انتظامی کنٹرول تبدیل کرتے ہوئے انہیں ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ (ADS) کے ماتحت کرنے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ 

یہ فیصلہ وفاقی کابینہ کے احکامات اور آئین پاکستان کے آرٹیکل 232(2)(c) کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔

ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد سابقہ فاٹا کے ان تمام اداروں کا کنٹرول ایڈیشنل چیف سیکرٹری / ایڈمنسٹریٹر (ڈیزگنیٹڈ ڈسٹرکٹس) کی سربراہی میں قائم ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کو سونپ دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کےمطابق اکتوبر 2018 سے مارچ 2019 کے دوران صوبائی محکموں کے سپرد کیے جانے والے تمام ڈائریکٹوریٹس اب متعلقہ انتظامی محکموں کے بجائے براہِ راست ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کے سیکریٹریز کو رپورٹ کریں گے۔ 

منتقلی کے اس عمل میں تعلیم، صحت، زراعت، لائیو سٹاک، فشریز، فارسٹ، ورکس اینڈ سروسز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اریگیشن اینڈ ہائیڈل پاور، منرلز، لوکل گورنمنٹ، اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ سمیت کل 33 محکمے اور ادارے شامل ہیں۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ انتظامی کنٹرول کی اس منتقلی میں ان اداروں کے تمام فنکشنز، ریکارڈ، اثاثے، آلات، بجٹ اور دیگر وسائل بھی منتقل کر دیے گئے ہیں۔ البتہ اس تبدیلی سے ملازمین کی سروس کی حیثیت، سینارٹی، پینشن کے حقوق یا دیگر سروس فوائد پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا اور وہ اپنے فرائض جاری رکھیں گے۔  

یہ بھی پڑھیں : چیف سیکرٹری کا خیبرپختونخوا میں تمام جاری خریداری و ٹینڈرز کا ازسرنو جائزہ لینے کا حکم

فنانس ڈیپارٹمنٹ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر بجٹ کی تخصیص اور مالیاتی امور کے لیے ضروری انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دے گا تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی میں کوئی تعطل پیدا نہ ہو۔

Scroll to Top