پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یہ استعفیٰ کسی ذاتی اختلاف یا پارٹی سے ناراضی کی بنیاد پر نہیں دیا بلکہ وہ اصولوں اور تنظیمی معاملات کے تحت اس منصب سے الگ ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تاحال پارٹی سینیٹر مشعال یوسفزئی کو کوئی شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے فردوس شمیم نقوی کو ہدایت کی تھی کہ وہ پارٹی ڈسپلن اور اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر سینیٹر مشعال یوسفزئی کو باضابطہ شوکاز نوٹس جاری کریں۔
یہ بھی پڑھیں : صحت کارڈ پلس میں 9.3 ارب روپے کی بچت یا عوام کی جیبوں پر ڈاکہ؟ سابق پی ٹی آئی حکومت کی مجوزہ پالیسی بے نقاب
بیرسٹر گوہر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پارٹی فورم پر اختلافِ رائے کا اظہار سب کا حق ہے اور وہ اس بات کا احترام کرتے ہیں لیکن سینئر لیڈرشپ کے خلاف کھلم کھلا بیانات اور نظم و ضبط کی مسلسل ورزی پر تادیبی کارروائی ناگزیر ہو جاتی ہے۔
ان کے مطابق مشعال یوسفزئی کو پہلے بھی رویے پر تنبیہ کی گئی تھی جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔





