خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن،منوں باسی مچھلی اور سڑا گوشت برآمد!

خیبرپختونخوا کی سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے 13 سالہ دور میں جہاں ہر شعبہ زوال کا شکار رہا وہاں عوام کو زہر کھلانے والے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک کے تاجروں کو کھلی چھوٹ ملی رہی۔

پی ٹی آئی دورِ اقتدار کی اس مجرمانہ بے حسی کے باعث صوبے بھر میں مضرِ صحت اور باسی اشیائے خورونوش کی فروخت سرعام جاری رہی اور شہریوں کی صحت و زندگیوں سے مسلسل کھلواڑ کیا گیا۔

تاہم موجودہ حکومتی ویژن اور فعال انتظامی اقدامات کے نتیجے میں اب اس زہر کے کاروبار پر کاری ضرب لگائی جا رہی ہے۔

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ڈائریکٹر جنرل کاشف اقبال جیلانی کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں فوڈ مافیا کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا اور سخت ترین کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سنسنی خیز اور بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف اضلاع سے منشیات کی طرح پھیلایا جانے والا زہریلا مواد برآمد کیا۔

سکھر سے مسافر بس کے ذریعے لائی جانے والی 200 کلوگرام سے زائد باسی اور سڑی ہوئی مچھلی پکڑی گئی۔ یہ زہریلی مچھلی رکشوں کے ذریعے مقامی فش پوائنٹس کو سپلائی کی جانی تھی جسے فوڈ ٹیم نے موقع پر ہی ضبط کر کے تلف کر دیا۔

ڈی آئی خان روڈ پر لائیوسٹاک محکمے کے ہمراہ قصائی کی دکان پر اچانک چھاپہ مار کر 100 کلوگرام سے زائد مضرِ صحت گوشت برآمد کر کے ضائع کر دیا گیا۔

بٹ خیلہ بازار میں ایک بااثر یونٹ پر خفیہ اطلاع کے بعد چھاپہ مار کر 800 کلوگرام غیر معیاری چپس برآمد کی گئیں اور بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : مقدس املاک پر قبضہ:خیبرپختونخوا حکومت کا لینڈ مافیا کے خلاف بڑا ایکشن!

کامیاب کارروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ڈی جی کاشف اقبال جیلانی نے واضح اور سخت انتباہ جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ دور کی طرح اب شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔ صوبے بھر میں خوراک کی نگرانی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور عوام کو معیاری و حلال خوراک کی فراہمی پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

Scroll to Top