پاکستان اسپیس اینڈ اپر اٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے اشتراک سے “ارلی وارننگ فار آل، موسمیاتی اقدامات اور ڈیزاسٹر رسک اسسمنٹ میں خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال” کے موضوع پر پانچ روزہ بین الاقوامی کانفرنس 27 سے 31 اکتوبر 2026 تک اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں منعقد ہو گی۔
اس اہم بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ سرپرستی اقوام متحدہ کے دفتر برائے امورِ بیرونی خلا (UNOOSA)، ایشیا پیسیفک اسپیس کوآپریشن آرگنائزیشن (APSCO)، اور انٹر اسلامک نیٹ ورک آن اسپیس سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ISNET) کر رہے ہیں۔
پانچ روزہ تقریب میں دنیا بھر سے 60 سے 70 بین الاقوامی مندوبین سمیت تقریباً 200 سے 250 ماہرین، پالیسی ساز، سفارت کار، محققین اور خلائی صنعت کے نمائندے شرکت کریں گے۔
کانفرنس کا بنیادی مقصد ارلی وارننگ سسٹمز کو مضبوط بنانے، آفات کے خطرات کا بہتر تخمینہ لگانے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے خلائی ٹیکنالوجی، سیٹلائٹ مشاہدات اور جیو سپیشل ڈیٹا کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
یہ پلیٹ فارم بین الاقوامی تعاون، علم کے تبادلے اور ماہرین کے درمیان تکنیکی مذاکرات کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : معروف ہارٹ سرجن ڈاکٹر آصف حسن کو پرائیڈ آف برطانیہ ایوارڈ سے نواز دیا گیا
کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ کے “ارلی وارننگ فار آل” (EW4All) اقدام پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی جو مؤثر قبل از وقت وارننگ سسٹمز کے ذریعے کمیونٹیز اور اہم بنیادی ڈھانچے کو موسمیاتی آفات سے محفوظ بنانے کا ہدف رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ، آبی وسائل کی نگرانی، زراعت، جنگلات اور جیو اے آئی (GeoAI) جیسے جدید ٹولز پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔





