پشاور: خیبر پختونخوا کی پولیس نے سوشل میڈیا پر نازیبا زبان، گالم گلوچ اور اخلاقی حدود کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں پشاور کے تھانہ گلبہار پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نامور پشتو گلوکار شاہسوار کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق گلوکار شاہسوار پر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر مسلسل نازیبا الفاظ استعمال کرنے، گالم گلوچ کرنے اور اخلاقی شائستگی کی دھجیاں اڑانے کے سنگین الزامات ہیں۔
شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کی جانے والی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے گلبہار پولیس کی ٹیم نے ٹارگٹڈ کارروائی کی اور گلوکار کو قانونی عمل کی زد میں لا کر گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کی جائیدادوں کا بڑا ڈرامہ بے نقاب، 94 کنال اراضی کا کوئی قانونی بینک ریکارڈ نہیں
پشاور پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت قابلِ قبول نہیں، خواہ وہ عام شہری ہو یا کوئی معروف شخصیت۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی عوامی پلیٹ فارمز کو گالی گلوچ یا بدتمیزی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پولیس حکام نے تمام شہریوں بالخصوص بااثر اور شوبز شخصیات کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ دارانہ انداز میں یقینی بنایا جائے اور بات چیت کے دوران شائستگی اور اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے۔
پولیس نے خبردار کیا ہے کہ سائبر کرائم اور سوشل میڈیا پر اخلاقیات کی پامالی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بلا تفریق جاری رہے گی۔





