جنوبی وزیرستان اپر کی ترقی اولین ترجیح ہے،فاروق محسود

جنوبی وزیرستان اپر سے ممبر علاقائی نمائندہ ترقیاتی کونسل( اے آر ڈی سی) اور سینئرصحافی فاروق محسود نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان اپر میں ترقی کا ایک نیا سفر شروع ہو رہا ہےاور علاقے کی ترقی و عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ صحافت کے دوران بھی ہماری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ علاقے کے مسائل کو اجاگر کر کے حکامِ بالا تک پہنچایا جائے اور اب بھی ہمارا کام تقریباََ ایسا ہی ہے کہ ہم علاقے کے مسائل کو حکام تک پہنچائیں گے اور کوشش کریں گے کہ ان کے حل میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔ پہلے ہم صرف مسائل پہنچاتے تھے لیکن اب اس میں اپنا مؤثر کردار بھی ادا کیا جائے گا۔

فاروق محسود کا کہنا تھا کہ ایک نیا سیٹ اپ آیا ہے اور اس حوالے سے مختلف لوگ مختلف سوچ و فکر میں ہیں، لیکن اس نئے سیٹ اپ کا بنیادی مقصد اور ہمیں جو ذمہ داری چن کر دی گئی ہے اس کے تحت ترقیاتی کونسل ہونے کے ناطے ہمارا کام علاقے میں ترقیاتی کاموں پر توجہ دینا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلے تمام ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گااور جہاں جن منصوبوں کی ضرورت ہوگی، وہاں ترجیحی بنیادوں پر ان پر کام کیا جائے گا تاکہ عوام کے دیرینہ مسائل کا ازالہ ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top