بزرگ شہریوں کو لائنوں میں نہیں لگنا پڑے گا! چارسدہ انتظامیہ کا تاریخی اقدام!

ضلعی انتظامیہ چارسدہ نے ضلع بھر کے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بزرگ شہریوں کو سرکاری خدمات تک آسان اور باوقار رسائی کی فراہمی کے لیے 7دن کے اندر لازمی طور پر سینئر سٹیزنز فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کریں۔ 

یہ اقدام خیبر پختونخوا سینئر سٹیزنز ایکٹ 2014 کے مقاصد کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اہم انتظامی قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس سے ضلع میں بزرگوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات میسر آئیں گی۔

ڈپٹی کمشنر چارسدہ منصور ارشد کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ حکم نامے کے مطابق ضلعی محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چارسدہ، تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال تنگی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال شبقدر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہان اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ اپنے دفاتر میں مخصوص فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ ذمہ دار افسران نامزد کرنے، واضح نشاندہی کے لیے نمایاں سائن بورڈ آویزاں کرنے اور بزرگ شہریوں کی درخواستوں و شکایات کو بلا تاخیر ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی بھی سخت ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام اداروں کو 7 روز میں عمل درآمد کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس جمع کرانی ہوگی۔

ضلع سینئر سٹیزنز فورم چارسدہ کے نمائندے نجم الحرم نے انتظامیہ کے اس فیصلے کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگ شہری اکثر سرکاری دفاتر میں طویل طریقہ کار، انتظار کے لمبے دورانیے اور افسران تک رسائی میں شدید مشکلات کا شکار رہتے تھے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر منصور ارشد کے اس حساس اور عملی قدم پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور فلاحی تنظیم بلو ویئنزکی کاوشوں کو بھی سراہا جو مسلسل بزرگ شہریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ضلعی سوشل ویلفیئر آفیسر چارسدہ عبدالقادر خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بزرگ شہریوں کو ان کا جائز احترام، تحفظ اور خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مکمل پرعزم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر کا یہ حکم نامہ سینئر سٹیزنز قانون کو مضبوط بنانے کی جانب اہم ترین پیشرفت ہے اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ دیگر تمام اداروں کے ساتھ مل کر اس پر سختی سے عمل درآمد کروائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : شادی کی ویڈیوز سے بلیک میلنگ کا خطرہ، کے پی پولیس کا شہریوں کو انتباہ!

اس موقع پر بلو ویئنز کے پروگرام مینیجر قمر نسیم نے بھی ضلعی قیادت کے اس جوابدہ رویے کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ اس اقدام کی حقیقی کامیابی تب ممکن ہوگی جب ہر ڈیسک ایک فعال، خوش اخلاق اور جوابدہ خدمت مرکز بنے گا۔

انہوں نے خاص طور پر بزرگ خواتین اور معذور افراد کی اضافی مشکلات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ضلع میں جامع اور جوابدہ ادارہ جاتی نظام قائم ہو سکے۔

Scroll to Top