وزیراعطم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے یوم پاکستان پر پیغام جاری کیا ہے انہوں نے کہا ہے لفظ پاکستان کی تکمیل کشمیر کے بغیر ممکن نہیں،جموں و کشمیر کے عوام آج بھی پاکستان سے اپنے رشتے کی آبیاری کر رہے ہیں۔
چودھری انوار الحق نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کا خواب دیکھا، قراردادِ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کی آئینی اور قانونی بنیاد بنی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مملکتِ خداداد پاکستان قائداعظم کی قیادت میں مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے، لفظ پاکستان کی تکمیل کشمیر کے بغیر ممکن نہیں، مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی درحقیقت نظریہ پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان پر صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
چودھری انوار الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں فتنہ الخوارج اور دہشتگرد تنظیموں کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں لیکن پاک فوج اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا رہی ہے،پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے مزید کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، انشاء اللہ تحریک آزادی کشمیر جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی۔