اسلام آباد میں احتجاج کا تماشہ ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے تماشے کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ پالیسی فیصلہ ہے کہ کسی کو احتجاج کے لیے اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے پی ٹی آئی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو 9 مئی کے بعد جو سہولتیں دی گئی ہیں، وہ تمام ختم کردی جائیں گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ معطل کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بزدل لوگ ہیں، اسی لیے لانگ مارچ اور دھرنوں سے بھاگ رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہمت ہے تو آؤ اور لانگ مارچ کرو۔

یہ بھی پڑھیں : شرپسند پی ٹی آئی کا احتجاج یا انتشار؟ پشاور لانگ مارچ کیلئے جانے والی غلیلوں کی کھیپ پکڑی گئی

ان کا دعویٰ تھا کہ دہشت گردوں کی سہولت کاری پی ٹی آئی کی پالیسی کا حصہ ہے اور خیبر پختونخوا حکومت افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کی سہولت کاری کرتی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور ٹی ٹی اے کی سی ٹیم ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے بارے میں بھی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ کم اور کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ غیرقانونی مائننگ کے ذریعے دہشت گردوں کو فنڈنگ کی جاتی ہے اور سوال اٹھایا کہ ایسے اقدامات کے باوجود خود کو سیاسی لوگ کہنے والے کیا واقعی سیاسی لوگ ہیں۔

Scroll to Top