آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی، پاکستان ویمنز ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی ویمنز ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کی قیادت منیبہ علی کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ عائشہ ظفر نائب کپتان کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گی۔

پی سی بی کے مطابق ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والی قومی ٹیم کی کئی کھلاڑیوں کو نئے اسکواڈ میں بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ ٹیم میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں۔

اسپن بولنگ کے شعبے میں نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبیٰ حسن اور ام ہانی کو منتخب کیا گیا ہے، جبکہ فاسٹ بولنگ کی ذمہ داریاں وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب سنبھالیں گی۔

دس ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں منعقد ہوگی۔ ایونٹ میں پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طاقت، جبر اور بندوق سے آزادی کی آواز نہیں دبائی جا سکتی، گورنر کے پی اور ثمر بلور کا کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا اعلان

دوسری جانب دوسرے گروپ میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کا بنیادی مقصد خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینا اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

 اس ٹورنامنٹ کا پہلا ایڈیشن 2025 میں منعقد ہوا تھا، جس میں آٹھ ایسوسی ایٹ ٹیموں نے شرکت کی اور تھائی لینڈ نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر دس کر دی گئی ہے۔ اس بار پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، آئرلینڈ اور زمبابوے سمیت مختلف ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔

Scroll to Top