کاشف عزیز
پشاور:پشاور میں بھائی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزم کو تھانہ آغہ میر جانی شاہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم یاسر سکنہ مہند آباد پر الزام ہے کہ اس نے زبانی تکرار کے دوران اپنے بھائی عمیر پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے مبینہ آلہ قتل پستول بھی برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم یاسر نے اپنے بھائی عمیر پر فائرنگ کی تھی، جس سے وہ گولی لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔
یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی، پاکستان ویمنز ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان
واقعے کے حوالے سے ملزم کا مؤقف ہے کہ اس کا بھائی آئس نشے کا عادی تھا اور گھر میں آئے روز لڑائی جھگڑا کرتا رہتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ قتل کے محرکات اور واقعے سے متعلق دیگر حقائق کا تعین کیا جا سکے۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقتول کی والدہ مسماۃ (ن) زوجہ محمد یاسین کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول برآمد کرکے اسے تفتیش کا حصہ بنا لیا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔





