تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر 13 سال تک عوام کو دھوکہ دیا گیا:سینئر صحافی طارق وحید نے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کا کچا چٹھا کھول دیا

خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تیرہ سالہ دورِ حکومت میں تعلیمی اصلاحات کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے جہاں سرکاری جامعات شدید بدحالی اور تحقیقی جمود کا شکار ہیں۔

سینئر صحافی طارق وحید نےگورنر ہاؤس پشاور میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے ہوشربا حقائق سامنے لاتے ہوئے بتایا کہ صوبے کی 34 سرکاری جامعات میں ایک لاکھ آٹھ ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں اور ان جامعات میں مجموعی طور پر تقریباً 700 مختلف شعبہ جات قائم ہیں۔

طارق وحید کے مطابق ان 700 شعبہ جات میں سے تقریباً 200 شعبہ جات ایسے ہیں جہاں طلبہ کی مجموعی تعداد 100 سے بھی کم رہ گئی ہے جو جامعات کی انتظامی اور تعلیمی ابتر صورتحال کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے اس سے بھی زیادہ تشویشناک پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان 700 شعبہ جات میں سے 208 شعبے ایسے ہیں جہاں گزشتہ تین سال کے دوران ایک بھی تحقیقی مقالہ (ریسرچ پیپر) نہ تو تیار کیا گیا اور نہ ہی پیش کیا گیا۔

سینئر صحافی نے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کی اس زبوں حالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن جامعات کا بنیادی مقصد تحقیق، ریسرچ اور اعلیٰ دماغ پیدا کرنا تھا، وہاں سینکڑوں شعبہ جات کا سالہا سال تک مکمل طور پر تحقیقی سرگرمیوں سے خالی رہنا پی ٹی آئی کے تیرہ سالہ طرزحکمرانی اور تعلیمی پالیسیوں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

Scroll to Top