سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ڈیجیٹل اور موبائل ایپس کے ذریعے قرض دینے والی کمپنیوں کے لیے نئے سخت قوانین جاری کرتے ہوئے قرضوں پر شرحِ منافع میں 67 فیصد تک نمایاں کمی کر دی ہے۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ نئے سرکلر کے مطابق موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے دیے جانے والے قرضوں پر سالانہ شرحِ منافع کی حد زیادہ سے زیادہ 90 فیصد مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل بعض صورتوں میں صارفین سے 274 فیصد تک منافع وصول کیا جا رہا تھا۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو قرضوں کے بھاری بوجھ اور غیر معمولی اخراجات سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
نئے قواعد و ضوابط کے تحت ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے تک کا قرض دیا جا سکے گا جس کی واپسی کی زیادہ سے زیادہ مدت 90 دن ہوگی۔ 10 ہزار روپے کے قرض پر یومیہ لاگت 24 روپے 66 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ تمام پوشیدہ فیسیں اور چارجز لازماً اسی مقررہ لاگت میں شامل ہوں گے۔
ہدایات میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی صارف مقررہ وقت سے پہلے قرض واپس کر دیتا ہے تو اس سے صرف اتنے ہی دنوں کی لاگت وصول کی جائے گی جتنے دن رقم اس کے زیرِ استعمال رہی۔ اس کے علاوہ قرض کی واپسی کی مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد پہلے تین دن تک صارف سے کوئی تاخیر کا جرمانہ (لیٹ فیس) وصول نہیں کیا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کی جانب بڑا قدم: پاک فوج نے سپرسونک کروز میزائل “فتح-3” کا کامیاب تجربہ کر لیا
صارفین کی اسکریننگ کے لیے ایس ای سی پی ایک مرکزی ڈیجیٹل ریپوزٹری بھی قائم کر رہا ہے جس کے ذریعے کمپنیاں صارف کے پہلے سے موجود قرضوں کی جانچ کر سکیں گی تاکہ پہلے سے مقروض یا مالی مشکلات کا شکار افراد کو مزید قرضوں کے جال میں پھنسنے سے بچایا جا سکے۔
ایس ای سی پی نے تمام ڈیجیٹل لینڈنگ کمپنیوں کو پابند کیا ہے کہ وہ آئندہ 15 روز کے اندر اپنی موبائل ایپس اور تمام متعلقہ دستاویزات کو ان نئے قوانین کے مطابق اپ ڈیٹ کریں۔





