کراچی کی تباہی اور 18 سالہ حکمرانی کا بوجھ اٹھائے بلاول کس منہ سے لیکچر دے رہے ہیں؟خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سسٹم ری سیٹ کی بات کی گئی لیکن کوئی سسٹم اس وقت تک ری سیٹ نہیں ہو سکتا جب تک اسے عوامی تائید حاصل نہ ہو۔

سوشل میڈیا ایکس پر اپنے ٹویٹ میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر سسٹم کولیپس کی بات کی جا رہی ہے تو ہم سب کا اس سسٹم سے منسلک ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریوں کا احاطہ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں سیاست دانوں کا احتساب نہ تو کوئی نئی بات ہے اور نہ کوئی سیاستدان احتساب سے مبرا ہے۔

وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس یقیناً بہت دھواں دار تھی اور موجودہ حکومت اور نظام پر تنقید پر مرکوز رہی لیکن احترام کے ساتھ یہ کہوں گا کہ ہم سیاسی لوگوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ نہیں کہنا چاہیے۔ ان کے مطابق ہم سیاستدانوں کی اساس عوامی رائے ہے۔ عوامی استصوابِ رائے کے ساتھ پارلیمان کے اندر بحث مباحثے پر کوئی قدغن نہیں۔ یقیناً سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر پارلیمان میں بحث ضرور ہوگی لیکن اس کے ساتھ عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ پارلیمنٹ کے ساتھ اگر عوام کی رائے کو بھی جان لیا جائے تو میرے خیال میں لیجیٹمیسی کی معراج ہوگی۔

سندھ حکومت اور حکومتی شراکت داری پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ بلاول صاحب آپ کے پاس سندھ کی حکومت 18 سال سے ہے، سندھ جنت بن گیا ہے، کراچی شہر کی حالت پر دنیا رشک کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این کے آپ 2022 سے کاروبارِ حکومت میں پارٹنر ہیں، نفع آپ کا اور نقصان پی ایم ایل این کا یا پاکستان کا۔

انہوں نے کہا کہ جو انصاف یا مساوات کا دعویٰ کرے اسے صاف ہاتھوں کے ساتھ آنا چاہیے، یہ صدیوں پرانا اصول ہے۔ وفاقی وزیر دفاع نے سوال اٹھایا کہ کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟

وفاقی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد صرف ایک ہے کہ پاکستان کے عوام کے دن بدلیں، عام آدمی عزت کی زندگی گزارے۔ حکمرانی میں عوام کی شراکت کو حقیقت بنائیں، حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہے کسی کی میراث نہیں، عوام کے حقوق آئین کی کتاب تک محدود نہ رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں : تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر 13 سال تک عوام کو دھوکہ دیا گیا:سینئر صحافی طارق وحید نے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کا کچا چٹھا کھول دیا

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سفارتی محاذ اور جنگ کے محاذ پر عزت اور تکریم اللہ کی مہربانی سے کس دور میں ملی اور کس دور میں وطن کا نام روشن ہوا۔ ان دو محاذوں پر فتح کے بعد اب حکمرانی گلی محلے کی سطح پر منتقل کرنے کی جنگ ہے جس میں عوام کی رائے اور پارلیمنٹ کا رول عین جمہوری اور آئینی ہے۔ حکمرانی کسی کی اجارہ داری نہیں، 25 کروڑ عوام کو یہ حق اللہ نے عطا کیا ہے۔

Scroll to Top