نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا گیا ہے تاہم قیمتیں اب بھی اس سطح پر موجود ہیں جو عام آدمی کے لیے ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران امریکا تنازع کے دوران 3 اپریل 2026 کو پٹرول کی قیمت 458 روپے اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باعث 18 نومبر کو پٹرول 325 روپے اور ڈیزل 358 روپے فی لٹر ہو گیا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں 133 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 162 روپے فی لٹر کمی ہوئی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے پٹرولیم پالیسی میں اصلاحات اور دیگر اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی کی تباہی اور 18 سالہ حکمرانی کا بوجھ اٹھائے بلاول کس منہ سے لیکچر دے رہے ہیں؟خواجہ آصف
اسحاق ڈار نے کہا کہ موٹر سائیکل گاڑیوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے فیول سبسڈی سکیم جاری ہے، جس سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عالمی چیلنجز کے باوجود عام آدمی پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔





