بلین ٹری کا دعویٰ اور 10 ارب کی لکڑی کی بربادی، پی ٹی آئی اور خوارج کا خوفناک گٹھ جوڑ بے نقاب ، نیب نے پردہ چاک کردیا!

پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں سے چترال سمیت خیبر پختونخوا کے علاقوں میں امن لوٹا اور فتنہ الخوارج کا سر کچلا گیا لیکن دہشتگردوں کی غنڈہ گردی کے دوران کاٹی گئی 10 ارب روپے کی قیمتی لکڑی 22 سال گزرنے کے باوجود فروخت نہ ہو سکی۔ 

اس سنگین معاملے پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایکشن لیتے ہوئے سیکرٹری جنگلات کو خط لکھ دیا ہے، جس کے ساتھ ہی سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی مجرمانہ خاموشی، نااہلی اور بدعنوانیوں پر مبنی طرزِ حکمرانی کا پردہ چاک ہو گیا ہے۔

قومی وسائل کے تحفظ اور سرکاری خزانے کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کے لیے ریاستی و احتسابی ادارے پوری مستعدی کے ساتھ میدان میں آ گئے ہیں۔

چترال کے ارندو گول اور اپر کوہستان سمیت مختلف جنگلاتی ڈویژنز میں فتنہ الخوارج کی دہشتگردی اور لوٹ مار کے نتیجے میں کاٹی گئی اربوں روپے مالیت کی لکڑی کے معاملے پر نیب نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے شرپسند عناصر نے خطے میں بدامنی پھیلاتے ہوئے بدترین غنڈہ گردی کی اور جنگلات کو بے دردی سے کاٹا۔

پاک فوج کے کامیاب آپریشنز اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک توڑے گئے اور ریاست کی رٹ بحال ہوئی مگر دہشتگردوں کی جانب سے کاٹی گئی 14 لاکھ مکعب فٹ لکڑی گزشتہ 22 برسوں سے پڑی پڑی خراب ہونے کے خطرے سے دوچار ہے اور متعلقہ محکموں کی سستی کے باعث فروخت نہیں ہو سکی۔

نیب نے اس سنگین غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری جنگلات خیبر پختونخوا کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے۔

نیب کے مطابق ارندو گول فاریسٹ ڈویژن چترال اور اپر کوہستان سمیت دیگر ڈویژنز میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے پڑی لکڑی کی فروخت کے لیے متعلقہ افسران نے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا جس سے لکڑی ضائع ہونے اور خردبرد کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں اور سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔

نیب نے فوری طور پر پالیسی بنانے، معاملہ حل کرنے اور اقدامات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ محکمہ جنگلات کے افسران، اہلکاروں اور دیگر ملوث عناصر کے خلاف انکوائری بھی جاری ہے۔

محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے ترجمان لطیف الرحمان نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ارندو گول کے جنگلات میں غیرقانونی طور پر کاٹی گئی 14 لاکھ مکعب فٹ لکڑی موجود ہے جس کی مالیت 10 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

ترجمان کے انکشاف نے سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی نالائقی اور پراسرار خاموشی کو خوب بے نقاب کر دیا ہے ۔

ان کے مطابق گزشتہ دورِ حکومت میں ارندو جنگلات سے متعلق پالیسی کیس صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا گیا تھا تاہم سابقہ پی ٹی آئی کابینہ نے ارندو سے ٹمبر نکالنے کی حتمی منظوری ہی نہیں دی۔

ایک طرف جنگلات اور ماحولیات کے تحفظ کے کھوکھلے دعوے اور دوسری طرف 10 ارب روپے کی قیمتی لکڑی پر سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی مکمل خاموشی اور بے حسی نے اس کی کرپشن اور نااہلی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شہریوں کی شکایات پر ایکشن: فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے قریب مشکوک مسلح افراد کی نقل و حرکت روکنے کے لیے پولیس ناکہ قائم!

اگر ماضی کی صوبائی حکومت نے بروقت فیصلہ کیا ہوتا تو قومی خزانے کو اربوں روپے مل سکتے تھے لیکن نااہل حکمرانوں کی غفلت نے خزانے کو نقصان کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔

اب پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بدولت قائم ہونے والے امن اور نیب کی بروقت مداخلت سے یہ توقع پیدا ہوئی ہے کہ قومی وسائل کو بچا کر سرکاری خزانے میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top