پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کے بعد اس معاملے پر عوامی اور سوشل میڈیا دباؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ دوسری جانب صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات نے نئی سیاسی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
ذرائع اور بیان کردہ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپنی تقریر میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کی، تاہم سوشل میڈیا اور عوامی سطح پر اس مطالبے کو ملنے والی حمایت نے ان کے مؤقف کے لیے مشکلات پیدا کیں۔
گزشتہ روز ٹی وی چینلز پر صحافیوں اور اینکرز سے گفتگو کے دوران انہیں نئے صوبوں کے معاملے پر سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا جہاں وہ کئی سوالات کے تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور دفاعی پوزیشن میں نظر آئے۔
اس صورتحال نے پیپلز پارٹی کے جمہوری مؤقف پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور ناقدین کے نزدیک اس مخالفت نے روایتی سیاست سے متعلق تاثر کو مزید تقویت دی ہے تاہم اسی تناظر میں صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
ملاقات کی بیان کردہ تفصیلات کے مطابق گفتگو دو امور پر مرکوز رہی۔ پہلا یہ کہ مجوزہ ریفرنڈم میں عوام کے سامنے سوال کن الفاظ میں رکھا جائےاور دوسرا یہ کہ ریفرنڈم کے بعد اس کے نتائج کی روشنی میں نئے صوبوں کے قیام کا عمل کیسے آگے بڑھایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا،نوـٹیفکیشن جاری
سیاسی مبصرین کے مطابق بڑھتی عوامی حمایت کے پیشِ نظر صدر زرداری اور پیپلز پارٹی کا حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر مشترکہ راستہ تلاش کرنا ایک دانشمندانہ سیاسی فیصلہ ہے۔ اس سے پیپلز پارٹی کو اپنے تحفظات سامنے رکھنے اور آئندہ کے لائحہ عمل کی تشکیل میں کردار ادا کرنے کا موقع ملتا ہے۔
مبصرین کے مطابق آصف علی زرداری ایک زیرک سیاست دان ہیں۔ انہوں نے بھانپ لیا ہے کہ معاملہ نئے صوبوں کے قیام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اسی سیاسی اندازے کے تحت پیپلز پارٹی نے مذاکرات شروع کر دیے ہیں تاکہ وہ فیصلہ سازی میں اپنا کردار برقرار رکھے اور اس پیش رفت میں اپنی جماعت کے لیے زیادہ سے زیادہ سیاسی فائدہ حاصل کر سکے۔





