بنگلہ دیش میں پرتشدد احتجاج کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن،سابق وزیرِ تعلیم سمیت 107 افراد گرفتار!

بنگلادیش میں سابق حکمران جماعت عوامی لیگ کے حامیوں کی جانب سے پُرتشدد کارروائیوں، جلاؤ گھیراؤ اور بم دھماکوں کے واقعات کے بعد بنگلادیشی وزیراعظم طارق رحمان نے ملک میں جاری بدامنی کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیا ہے۔ 

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ کشیدگی اس وقت بڑھی جب بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے دسمبر میں وطن واپسی کا اعلان کیا اور بنگلادیشی حکومت نے ان کے نئے پاسپورٹ کی درخواست مسترد کر دی جس کے ردعمل میں عوامی لیگ نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی کال دی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیش میں امن و امان کی صورتحال اس وقت کشیدہ ہوئی جب اگست 2024 کی طلبہ تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے محروم ہو کر بھارت فرار ہونے والی شیخ حسینہ نے رواں برس دسمبر میں بنگلادیش واپس آنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

حکومت کی جانب سے ان کے نئے پاسپورٹ کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد عوامی لیگ نے ہفتہ بھر احتجاجی ریلیاں نکالیں اور جمعرات کے روز ملک گیر شٹر ڈاؤن کی اپیل کی، جس کا زیادہ اثر جنوبی اضلاع میں دیکھا گیا جہاں عوامی لیگ کا اثر و رسوخ نمایاں سمجھا جاتا ہے۔

شمالی ضلع لال مونیرہاٹ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم طارق رحمان نے بنگلادیش سے باہر موجود عوامی لیگ کی قیادت پر ملک میں تشدد کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کے عزم کا اظہار کیا۔

طارق رحمان نے کہا کہ عوامی لیگ کے رہنماؤں نے بنگلادیش اور اس کے عوام کے مفادات کو کبھی مدنظر نہیں رکھا۔

بھارت کا نام لیے بغیر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سرحد پار واقع وہ ملک جہاں یہ رہنما فرار ہو کر گئے ہیں وہ ان کا آقا ہے اور اپنے انہی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے انہوں نے ایک مرتبہ پھر بنگلادیش اور اس کے شہریوں کے خلاف سازشیں شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب بنگلادیشی پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب سے شروع ہونے والے پُرتشدد واقعات میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو ارکان کو قتل کر دیا گیا جبکہ شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں بی این پی کے دو اراکینِ پارلیمنٹ کے گھروں میں توڑ پھوڑ کر کے انہیں آگ لگا دی گئی اور مقامی بازاروں و دکانوں پر بھی حملے کیے گئے۔

پولیس کے مطابق دارالحکومت ڈھاکا سے تقریباً 300 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع شہر چٹاگانگ میں سابق عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے آبائی گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر گھر کے گراؤنڈ فلور کے ایک غیر استعمال شدہ کمرے میں آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگائی گئی تاہم بالائی منزلوں پر مقیم ان کے اہلِ خانہ محفوظ رہے۔

مجموعی صورتحال پر پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والے واقعات میں ریلوے لائن کے ایک حصے سمیت کم از کم 6 بسوں اور پک اپ وینز کو نذرِ آتش کیا گیا جبکہ 6 اضلاع میں دیسی ساختہ بموں کے دھماکوں کی اطلاعات بھی ملیں۔

جمعرات کو ڈھاکا-چٹاگانگ شاہراہ پر بھی ایک بس اور ٹرک کو آگ لگائی گئی، تاہم بس کے مسافر محفوظ رہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلین ٹری کا دعویٰ اور 10 ارب کی لکڑی کی بربادی، پی ٹی آئی اور خوارج کا خوفناک گٹھ جوڑ بے نقاب!

امن و امان کی بحالی کے لیے بارڈر گارڈ بنگلادیش کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پُرتشدد واقعات کی روک تھام کے لیے گوپال گنج اور فرید پور سمیت 7 اضلاع میں 97 پلاٹونز تعینات کر دی گئی ہیں۔

مزید برآں ڈھاکا پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عوامی لیگ اور اس کی ذیلی تنظیموں سے تعلق کے شبہے میں سابق وزیرِ تعلیم نورالاسلام ناہید سمیت 107 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

Scroll to Top