خیبر پختونخوا پولیس اور یو ایم ٹی لاہور میں بڑا معاہدہ، شہداء کے ورثاء کے لیے 5 کروڑ روپے کا تاریخی تعلیمی پیکج کا اعلان!

ملک و قوم کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں اور فرنٹ لائن پر ڈٹے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے ریاستی اداروں کے مثالی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ 

اسی سلسلے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن کے تحت خیبر پختونخوا پولیس اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (UMT) لاہور کے درمیان 5 کروڑ روپے مالیت کی ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں جس کے تحت شہداء کے ورثاء اور حاضر سروس اہلکاروں کو اعلیٰ تعلیم میں 90 فیصد تک فیس رعایت اور جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ کو بہترین تعلیمی و معاشی مواقع فراہم کرنے کے لیے سینٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک پروقار تقریب کے دوران اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔

خیبر پختونخوا پولیس اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (UMT) لاہور کے مابین طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر کے پی پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر شیر اکبر خان جبکہ یو ایم ٹی کی طرف سے ڈائریکٹر سید بلال اور سینیئر ایڈوائزر پروفیسر سجاد قمر نے باضابطہ دستخط کیے۔

معاہدے کی تفصیلات کے مطابق یو ایم ٹی لاہور خیبر پختونخوا پولیس کے افسران، اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کو پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں خصوصی اسکالرشپس فراہم کرے گی جس کے لیے مجموعی طور پر 5 کروڑ روپے کا خطیر فنڈ مختص کیا گیا ہے۔

اس فلاحی اقدام کے تحت اہل قرار پانے والے امیدواروں کو ٹیوشن فیس میں 90 فیصد تک غیر معمولی رعایت حاصل ہوگی جبکہ بقیہ 10 فیصد فیس کی ادائیگی کے پی پولیس یا متعلقہ امیدوار باہمی مشاورت سے طے کردہ طریقہ کار کے تحت کرے گا۔

جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے فورس اور شہداء کے بچوں کو ہم آہنگ کرنے کے لیے یو ایم ٹی لاہور اپنے جدید ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم LiveX کے ذریعے ایک ہزار حاضر سروس پولیس اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کو مکمل طور پر مفت ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ بھی دے گی۔

اس تربیت کا مقصد انہیں عصری ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کر کے ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

مفاہمتی یادداشت میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔ اسکالرشپس اور تربیتی پروگرامز کے لیے امیدواروں کا چناؤ خالصتاً شفافیت اور میرٹ پر کیا جائے گا جس کے لیے دونوں ادارے مشترکہ طور پر اہلیت کا معیار طے کریں گے۔

خیبر پختونخوا پولیس اہل امیدواروں کی نامزدگی اور دستاویزی کارروائی میں مکمل معاونت فراہم کرے گی جبکہ یو ایم ٹی تعلیمی رہنمائی، درخواستوں کی جانچ پڑتال اور منتخب طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کی نگرانی کی ذمہ داری نبھائے گی۔

اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اس پیش رفت کو پولیس فورس کی پیشہ ورانہ ترقی اور شہداء کے ورثاء کی فلاح کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، گورنر خیبر پختونخوا

ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم اور جدید ڈیجیٹل مہارتوں کا حصول نہ صرف اہلکاروں کی کارکردگی کو نکھارتا ہے بلکہ ان کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی بنتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست اور پولیس قیادت اپنے شہداء کے خاندانوں کی کفالت و معاونت اور فورس کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔

Scroll to Top