جمعیت علمائے اسلام (ف) کی اندرونی سیاست میں شدید اختلافات اور قیادت کی پالیسیوں کے خلاف ناراضگی کھل کر سامنے آنے لگی ہے، جہاں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ڈھائی سو سے زائد علماء کرام نے پارٹی سربراہ فضل الرحمٰن کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے اپنا الگ مؤقف پیش کر دیا ہے۔
ناراض علماکی جانب سے سامنے آنے والے مؤقف میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جماعت کے اہم فیصلوں، پارلیمانی نمائندگی اور مراعات یافتہ عہدوں میں ایک ہی خاندان کو ترجیح دی جاتی ہے، جبکہ احتجاجی تحریکوں اور مشکل حالات میں عام کارکنان کو آگے کر کے قربانی لی جاتی ہے۔
مخالف دھڑے کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر سے اب یہ آواز زور پکڑ رہی ہے کہ قربانیاں اور سختیاں کارکنان برداشت کرتے ہیں جبکہ جماعت کی تمام کلیدی پوزیشنوں پر فضل الرحمٰن کا خاندان براجمان ہے۔
ناراض حلقوں کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں خاندان کے مختلف افراد کے عہدوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فضل الرحمٰن خود مرکزی امیر اور قومی اسمبلی کے رکن (این اے 265) ہیں، ان کے بھائی عطاء الرحمٰن پارٹی کے نائب امیر اور سینیٹر ہیں، دوسرے بھائی لطف الرحمٰن خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن (پی کے 114، ڈیرہ اسماعیل خان) ہیں، صاحبزادے اسعد محمود ماضی میں رکنِ قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر رہ چکے ہیں اور پارٹی کے مالی معاملات و فنڈنگ پر اثر رکھتے ہیں، جبکہ ایک اور بھائی ضیاء الرحمٰن بھی مرکزی قیادت میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دینی شناخت قانونی جوابدہی سے بچنے کی ڈھال نہیں بن سکتی، مدارس کی اراضی اور سرکاری زمینوں کی تحقیقات کا مطالبہ تیز
اختلافی مؤقف اختیار کرنے والے علماء کرام کا کہنا ہے کہ دینی مدارس کے قیام کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیم و ترویج ہے نہ کہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال، تاہم پارٹی قیادت پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ مدارس کو سیاسی دباؤ اور احتجاجی سیاست کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ناراض لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ماضی میں بھی جماعت کے سینئر رہنماؤں، جن میں مولانا محمد خان شیرانی اور حافظ حسین احمد شامل ہیں، نے موروثی سیاست اور پالیسیوں پر انہی تحفظات کا اظہار کیا تھا، لیکن اس مرتبہ جماعت کے اندر ناراضگی کا دائرہ کہیں زیادہ وسیع ہو چکا ہے اور مبینہ طور پر 90 فیصد کے قریب علماء موجودہ پالیسیوں سے نالاں ہیں۔





