پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مبینہ جعلی میڈیکل ڈگریوں اور غیرقانونی تعلیمی اداروں کے ایک بڑے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مرکزی کردار کو گرفتار کر لیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق “خیبرپختونخوا آلٹرنیٹو میڈیکل کونسل” کے نام پر مبینہ طور پر گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے ڈگریوں کے اجرا کا سلسلہ جاری تھا، جس نے صوبے کے محکمہ صحت، تعلیمی ریگولیٹرز اور انتظامی نگرانی کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق وزیراعظم کے شکایتی پورٹل پر ایک غیررجسٹرڈ ادارے کی جانب سے مبینہ طور پر 75 جعلی ڈگریاں جاری کیے جانے کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔
شکایت کی ابتدائی چھان بین کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم نے ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کی نگرانی میں پشاور کے علاقوں نشترآباد اور ہشت نگری میں قائم دفاتر پر چھاپہ مارا اور کونسل کے چیئرمین حضرت علی کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ کونسل مبینہ طور پر بغیر کسی قانونی رجسٹریشن کے کام کر رہی تھی اور پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی اور ملاکنڈ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں متعدد کالجز چلا رہی تھی۔ ان اداروں میں مبینہ طور پر طلبہ کو چار سالہ میڈیکل ڈاکٹر ڈگری پروگرامز میں داخلے دے کر اسناد جاری کی جاتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : شیرانی اور حافظ حسین احمد کے تحفظات کے بعد ناراضگی کا دائرہ مزید وسیع، جے یو آئی (ف) کے گڑھ بلوچستان سے بڑا اختلافی مؤقف سامنے آ گیا
تفتیشی حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں تقریباً 75 طلبہ کو ڈگریاں جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے، تاہم ایف آئی اے حکام کا دعویٰ ہے کہ اس مبینہ کونسل کے ساتھ صوبے کے 100 سے زائد کالجز الحاق شدہ ہیں۔
دوسری جانب سامنے آنے والی معلومات میں اس نیٹ ورک کے ذریعے تقریباً 14 ہزار ڈگریاں تقسیم کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، تاہم حکام کے مطابق اس دعوے کی باضابطہ تصدیق اور مکمل تفصیلات کا تعین جاری تحقیقات میں کیا جا رہا ہے۔
کارروائی کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے ایف آئی اے نے مردان کے علاقے شنکر میں “مبشر حسن کلینک” جبکہ منگاہ درگئی میں “آصف خٹک” اور “زاہد اللہ” کے نام سے قائم کلینکس کو بھی سیل کر دیا۔
چھاپوں کے دوران مختلف مقامات سے مبینہ جعلی کارڈز، ڈگریاں، لیپ ٹاپ اور موبائل فونز برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے دیگر سرگرمیوں کا سراغ لگانے کے لیے آئندہ چند روز میں صوابی، سوات اور دیگر اضلاع میں بھی مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس نیٹ ورک کا مبینہ مرکزی کردار چیئرمین حضرت علی بتایا جا رہا ہے، جو ایم ڈی کے نام پر ہومیوپیتھک ڈگریاں جاری کرنے کا کاروبار چلا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : دینی شناخت قانونی جوابدہی سے بچنے کی ڈھال نہیں بن سکتی، مدارس کی اراضی اور سرکاری زمینوں کی تحقیقات کا مطالبہ تیز
ریکارڈ اور شواہد کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ یہ سلسلہ 2007 سے جاری تھا اور طلبہ و عوام کو متاثر کرنے کے لیے سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹ بھی بنائی گئی تھی، جس پر سینکڑوں فیکلٹی ممبران اور تدریسی عملے کی تفصیلات درج تھیں۔
اس معاملے کا سب سے تشویشناک پہلو غریب اور متوسط طبقے کے طلبہ کا ممکنہ استحصال ہے، جن سے مبینہ طور پر میڈیکل تعلیم اور ڈگریوں کے نام پر بھاری رقوم وصول کی گئیں۔
ماہرین اور متعلقہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ان ڈگریوں کا غیرقانونی ہونا ثابت ہو جاتا ہے تو ان اسناد کے حامل افراد کی تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ مستقبل شدید متاثر ہو سکتا ہے، جبکہ بغیر مستند تربیت اور قانونی منظوری کے کلینکس چلنے سے عوامی صحت کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق معاملے کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے، جس میں متعلقہ کالجز کی قانونی حیثیت، جاری کردہ ڈگریوں کی جانچ پڑتال اور نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں و کرداروں کے خلاف قانونی کارروائی شامل ہے۔





