غیر قانونی کان کنی کے خلاف نوشہرہ نظام پور کریک ڈاؤن میں ہیوی مشین گن اور کلاشنکوف برآمد، 7 ملزمان گرفتار، 19 افراد زیر حراست

نوشہرہ: ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور کے گاؤں امان پورہ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف پولیس، محکمہ معدنیات اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ بڑا آپریشن کرتے ہوئے 237 غیر قانونی کان کنی کے مقامات کو مسمار کر دیا ہے، جبکہ بھاری اسلحہ برآمد کر کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امان پورہ اور دریائے سندھ سے ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف کی جانے والی اس مشترکہ کارروائی کے دوران 170 پروسیسنگ پلانٹس اور 17 کھدائی کرنے والی مشینوں کو تباہ یا مسمار کیا گیا۔

آپریشن کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے 15 جنریٹرز، 6 ڈمپرز، 5 ٹریکٹر ٹرالیاں، 3 موٹر سائیکلیں اور 2 ہوٹل بھی کارروائی کی زد میں آئے اور انہیں نشانہ بنایا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری اور جدید اسلحہ برآمد ہوا ہے، جس میں ایک ہیوی مشین گن، ایک کلاشنکوف، 3 رائفلیں، 2 شاٹ گنز اور مختلف بور کے سیکڑوں کارتوس شامل ہیں۔

حکام کے مطابق گرفتار 7 ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں قانونی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ آپریشن کے دوران مزید 19 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے کر پوچھ گچھ کا دائرہ تیز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایم ڈی اور ہومیوپیتھک ڈگریوں کے نام پر طلبہ سے بھاری رقوم بٹورنے کا انکشاف، ایف آئی اے کی گرفتاریاں اور کلینکس سیل

اس بڑے پیمانے پر ہونے والی کارروائی نے مقامی سطح پر غیر قانونی کان کنی، سرکاری وسائل کے غیرقانونی استعمال اور مسلح گروہوں کی موجودگی سے متعلق انتظامی نگرانی اور عملدرآمد کے پہلوؤں کو بھی نمایاں کر دیا ہے۔

علاقے میں طویل عرصے سے جاری اس نوعیت کی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ اداروں کا یہ آپریشن ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ دریائے سندھ کے کنارے غیر قانونی سونے کی کان کنی، قدرتی وسائل کی غیرقانونی برداشت اور جرائم پیشہ و مسلح عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا تاکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top