وطنِ عزیز کی سلامتی، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوان عبداللہ عاربی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے قطب پور میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
شہید کی تدفین کے موقع پر جہاں ہر آنکھ اشکبار تھی وہیں شہید کے والد کے بلند حوصلے اور دوسرے بیٹے کو بھی پاک فوج میں شامل کرانے کے عزم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان شہید عبداللہ عاربی کا جسدِ خاکی جب ان کے آبائی گاؤں قطب پور پہنچا تو ہر طرف فضا سوگوار ہو گئی۔
اس موقع پر اہلِ علاقہ نے عقیدت و احترام کے طور پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اپنے بہادر سپوت کا والہانہ استقبال کیا۔
شہید عبداللہ عاربی کی نمازِ جنازہ قطب پور میں ادا کی گئی، جس میں کور کمانڈر بہاولپور، پولیس افسران، مقامی سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کو مکمل فوجی اعزاز اور سلامی کے ساتھ مقامی شاہ چراغ قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
تدفین کے رقت آمیز اور پروقار موقع پر کور کمانڈر بہاولپور نے شہید کے والد عابد عاربی سے ملاقات کی، ان سے تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں ان کے شہید بیٹے کی وردی اور کیپ پیش کی۔
اس موقع پر شہید کے والد عابد عاربی نے غیر معمولی صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بیٹے کی عظیم قربانی پر گہرے فخر کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : بے روزگار نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری:سرکاری ادارے میں ایک ہزار سے زائد بھرتیوں کا اعلان !
انہوں نے اس پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وطن کے دفاع کا یہ مقدس سفر رکے گا نہیں اور وہ اپنے چھوٹے بیٹے کو بھی پاک فوج میں بھرتی کروائیں گے تاکہ وہ بھی ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے سکے۔
اہلِ علاقہ نے نوشکی کے محاذ پر جان قربان کرنے والے شہید عبداللہ عاربی کی بہادری اور قربانی کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔





