پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری اب معاشی ترقی، جدید ٹیکنالوجی اور برآمدات میں ریکارڈ اضافے کی صورت میں ٹھوس نتائج دے رہی ہے۔
آل چائنہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ بیلٹ اینڈ روڈ جرنلسٹس فورم 2026ء میں 50 ممالک کے صحافیوں کی شرکت کے موقع پر سامنے آنے والے تازہ معاشی اعداد و شمار نے پاک چین تعاون کی مضبوطی پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے جہاں چین کو پاکستانی برآمدات میں 40 فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ریاست پاکستان کی مستحکم خارجہ و معاشی پالیسیوں اور سیکیورٹی اداروں کی بدولت ملک میں امن و استحکام کے قیام نے غیر ملکی سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے اس سفر کو نئی رفتار بخشی ہے۔
آل چائنہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ جرنلسٹس فورم 2026ء میں دنیا کے 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے شرکت کی جہاں علاقائی روابط، معاشی شراکت داری اور جدید صحافت کے تقاضوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ مستقبل کے پاک چین معاشی تعاون میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، تحقیق، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور برآمدات کے فروغ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ دونوں ممالک کی شراکت داری طویل المدتی معاشی ثمرات فراہم کر سکے۔
فورم کے شرکا نے صحافت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کا خیرمقدم کیا، تاہم گمراہ کن مواد اور جعلی خبروں کو صحافتی ساکھ کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں انسانی فیصلوں، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور حقائق کی تصدیق کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
اس موقع پر پاک چین تجارت کے حوالے سے حوصلہ افزا اعداد و شمار بھی پیش کیے گئے جن کے مطابق رواں سال جنوری تا اگست چین کو پاکستانی برآمدات 40.51 فیصد اضافے کے ساتھ 2.386 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ حجم 1.698 ارب ڈالر تھا۔
چینی سفیر کے مطابق جنوری تا جولائی پاک چین مجموعی تجارت 13.4 فیصد اضافے سے 16.44 ارب ڈالر رہی جبکہ جنوری تا اگست دوطرفہ زرعی تجارت 45 فیصد اضافے کے ساتھ 83 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
فورم میں چینی معیشت کی مجموعی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ سال کے پہلے 9 ماہ میں چین کا جی ڈی پی 4.6 فیصد نمو کے ساتھ 1071.1 کھرب یوآن رہا جبکہ 10 ماہ میں مجموعی تجارتی حجم 20 فیصد اضافے سے 448.1 کھرب یوآن تک جا پہنچا جس میں برآمدات میں 17.6 فیصد اور درآمدات میں 23.6 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے وابستہ ممالک کے ساتھ چین کا تجارتی حجم سالانہ 18.5 فیصد اضافے سے 228.8 کھرب یوآن رہا۔
فورم کے دوران روبوٹکس، مصنوعی ذہانت (AI) اور صنعتی آٹومیشن کے شعبوں نے عالمی صحافیوں کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں : این سی سی آئی اے نے بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے کڈز کارنر متعارف کرا دیا!
چین کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی اکیڈمی کے اعداد و شمار کے مطابق 2025ء میں مصنوعی ذہانت کی صنعت کا حجم سالانہ بنیادوں پر 40 فیصد اضافے کے ساتھ 12 کھرب یوآن سے تجاوز کر گیا جبکہ اے آئی کمپنیوں کی تعداد 6600 سے بڑھ چکی ہے جو دنیا بھر کی مجموعی اے آئی کمپنیوں کا 15 فیصد بنتی ہے۔
معاشی اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ چین کو پاکستانی برآمدات اور زرعی تجارت میں نمایاں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست پاکستان کی درست معاشی سمت اور پاک فوج کی جانب سے ملکی سرحدوں اور سی پیک منصوبوں کے تحفظ کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کے ثمرات اب معیشت میں استحکام کی صورت میں نظر آ رہے ہیں۔





