خیبرپختونخوا کی نصابی کتب میں بڑی تبدیلی، ٹیکسٹ بک بورڈ کی نئی ہدایات جاری

پشاور: خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ نے نصابی کتب کے مواد کا ازسرِنو جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام سبجیکٹ اسپیشلسٹس کو جانچ پڑتال کی ہدایات جاری کر دیں۔

ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ نصابی کتب کا مواد قومی ترجیحات سے متصادم نہیں ہونا چاہیے اور کسی بھی ملک کی علاقائی سالمیت کے خلاف مواد نصابی کتب میں شامل نہ کیا جائے۔

ہدایات کے مطابق مذہبی یا سیاسی وابستگی کی بنیاد پر قانون ہاتھ میں لینے کی ترغیب دینے والا مواد بھی نصابی کتب میں شامل کرنے پر پابندی ہوگی۔

ٹیکسٹ بک بورڈ نے نصابی کتب کے نقشوں اور علاقائی حوالوں میں ڈیورنڈ لائن کی اصطلاح استعمال نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس کی جگہ انٹرنیشنل بارڈر کی اصطلاح استعمال کرنے کا کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی شاہی خاندان کے شہزادہ سعود بن عبدالعزیز انتقال کر گئے

اسی طرح اسلامیات اور شہریات کی کتابوں میں منفی پیغام دینے والے مواد سے گریز کرنے اور نصابی کتب میں موجود قابلِ اعتراض اور متنازع مواد کی نشاندہی کرکے اس کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیکرٹری ٹیکسٹ بک بورڈ نے تمام سبجیکٹ اسپیشلسٹس کو نئی ہدایات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نصابی کتب کے مواد کی جانچ پڑتال میں جاری کردہ احکامات کو مدنظر رکھا جائے۔

Scroll to Top