اقبال کے شاہین کی کہکشاؤں کی جانب تاریخی اڑان، 25 کروڑ عوام کی امیدیں اور وطنِ عزیز کا نام کندھوں پر لے کر خلائی مشن پر روانہ ہو رہا ہوں، خلا باز ذیشان علی

بیجنگ :  پاکستان کل (بدھ 25 نومبر) خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کرنے جا رہا ہے، جب پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے انسانی خلائی مشن ’شینژو 24‘ کے ہمراہ خلا کے لیے اڑان بھریں گے۔ اس تاریخی پرواز کے ساتھ ہی وہ بیجنگ کے ’تیانگونگ‘ خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے دنیا کے پہلے غیر ملکی خلا باز بن جائیں گے۔

چین کی مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) اور پاکستان کے قومی خلائی ادارے ’سپارکو‘ کے اشتراک سے انجام پانے والا یہ انسان بردار مشن کل بدھ کی صبح بیجنگ کے معیاری وقت کے مطابق 8 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے ’جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر‘ سے روانہ ہوگا۔

تین رکنی عملے میں مشن کمانڈر تانگ ہونگ بو، چینی خلا باز وو یی اور پاکستانی سائنسی ماہر (پے لوڈ اسپیشلسٹ) محمد ذیشان علی شامل ہیں۔

سپارکو کے مطابق ذیشان علی خلا میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے، جہاں عملے کے اراکین مجموعی طور پر 90 مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔

مشن کے بنیادی مقاصد میں ’شینژو 23‘ کے عملے کے ساتھ مدار میں تبادلہ (آربیٹل روٹیشن)، خلائی اسٹیشن کے معمول کے آپریشنز و دیکھ بھال اور پے لوڈز سے جڑے سائنسی تجربات شامل ہیں۔ ذیشان علی اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد رواں سال مئی میں اسٹیشن سے منسلک ہونے والے خلائی جہاز ’شینژو 23‘ کے ذریعے زمین پر واپس لوٹیں گے۔

مشن کی روانگی سے قبل بیجنگ میں منعقدہ خصوصی میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ وہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور ملک کا نام لے کر خلا میں جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : یکساں ترقی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی مانگ، ملتان، لیہ، کراچی، سوات اور خاران کے شہریوں نے چھوٹے صوبوں کے قیام کو عوامی مسائل کا واحد حل قرار دے دیا

اس موقع پر انہوں نے علامہ اقبال کا شعر ’’تو شاہین ہے پرواز ہے کام تیرا، تیرے سامنے آسمان اور بھی ہیں‘‘ پڑھتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یہ مشن ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

دوسری جانب چینی خلا بازوں نے بھی اپنے پاکستانی ساتھی کی پیشہ ورانہ لگن کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ ذیشان علی نے مشن کی ضروریات کے مطابق چینی زبان سیکھنے کے لیے انتھک محنت کی، جس سے عملے کے درمیان بہترین ہم آہنگی پیدا ہوئی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس پیش رفت کو پاک چین آہنی بھائی چارے اور پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا ہے۔

 یاد رہے کہ فروری 2025 میں سپارکو اور سی ایم ایس اے کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت دو پاکستانی امیدواروں نے چین میں سخت تربیت حاصل کی، جس کے بعد ذیشان علی کا انتخاب عمل میں آیا۔

Scroll to Top